اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مستقل طور پر معذور افراد کے حقوق کی ہمیشہ وکالت کی ہے، ان افراد کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے لئے نامزد کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی معاشرے کے ہر طبقہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیشہ سرگرم عمل رہی ہے۔ منگل کو معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مستقل طور پر معذور افراد کے حقوق اور ان کی شمولیت کی وکالت کی ہے
2019 میں پی پی پی نے معذور افراد کے حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت انہیں قانون سازی کے لئے حقوق پر مبنی نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جن افراد کو معذوری ہے ان افراد کو پارٹی فیصلہ سازی ،قومی اور صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے لئے نامزد کرکے قومی دھارے میں شامل کیا ہے، پی پی پی معذور افراد کی مدد اور ان کی ترقی کیلئے پرعزم ، جامع اور مساوی پاکستان کی پالیسی کیلئےکوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانا چاہئے جہاں معاشرہ کے تمام افراد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں معذور افراد کے کردار کسی بھی عام انسان سے کم نہیں ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی روزگار اور تعلیم کے میدان میں معذور افراد کے کوٹہ کو نافذ کیا ہے، بانی پی پی پی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کو آئین میں تحفظ دیا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں معذور افراد کیلئے روزگار کے مواقع متعارف کرائے۔