23.1 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاکستان پیپلز پارٹی کا پنجا ب میں تنظیم سازی کا فیصلہ،پارٹی کو...

پاکستان پیپلز پارٹی کا پنجا ب میں تنظیم سازی کا فیصلہ،پارٹی کو ایک مرتبہ پھر عروج پر لیکر جائیں گے، راجہ پرویز اشرف

- Advertisement -

لاہور۔11مئی (اے پی پی):پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجا ب میں تنظیم سازی کا فیصلہ کیا ہے،آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرے گی،پارٹی کو ایک مرتبہ پھر عروج پر لیکر جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے دفتر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین ،انفارمیشن سیکرٹری شہزاد سعید چیمہ ، میاں ایوب ، محسن بلی موسی کھوکھر اور راحیل کامران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ابرار شاہ، جمیل منج،فائزہ ملک،علامہ یوسف اعوان ،عائشہ نواز چودھری،امجد جٹ بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں ازسر نو تنظیم سازی کی جائے گی اور تنظیم سازی کا یہ عمل 100دن میں مکمل کیا جائے گا، کوشش ہوگی کہ تمام عہدے میرٹ پر دیئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے جن علاقوں میں جہاں ضرورت ہو گی وہاں ہم تبدیلیاں بھی لائیں گے اور خالی جگہیں فوری پر کی جائیں گی ،

- Advertisement -

اس حوالے سے ہم بہت جلد پنجاب بھر کا دورہ بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے لحاظ سے پارٹی میں تنظیم سازی کرنا زندہ تنظیموں کا خاصا رہا ہے ،پیپلز پارٹی پنجاب میں ہرجگہ پر موجود ہے، یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ پنجاب میں پارٹی کمزور ہے اور صوبے سے ملنے والے انتخابی نتائج بھی اس تاثر کو تقویت دیتے تھے، ہم نے عزم کیا ہے کہ پارٹی کو پھر اسی عروج پر لیکر جائیں گے جہاں پہلے تھی ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس وقت ملک میں صاف ستھری ، سلجھی ہوئی اورآئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے سیاست کرنا، پاکستان کو متحد اور وفاق کو مضبوط کر نے اور اداروں کو آ پس میں جوڑنے کی ضرورت ہے اس کیلئے پیپلز پارٹی سے بہتر کوئی اور پلیٹ فارم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوان قیادت کو ہر سطح پر آگے لانا چاہتی ہے لیکن اس کا ہرگز مطلب یہ نہیں ہے کہ پارٹی میں قربانیاں دینے والے پرانے اور تجربہ کار سیاستدانوں کو نظر انداز کر دیاجائے گا، نوجوانوں اور تجربہ کار سیاست دانوں پر مشتمل ایک گلدستہ تشکیل دیں گے،

جس سے پارٹی میں ایک نئی جان اور نیا جذبہ پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کا بھی یہی ویژن ہے کہ نوجوانوں کو پارٹی میں زیادہ سے زیادہ مواقع دیئے جائیں گے کیونکہ آج کے نوجوان ہم سے بہتر سیاست کرسکتے ہیں، وہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسطی پنجاب میں خواتین کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گے ،سکولوں اور کالجوں میں بھی نوجوان طلبا و طالبات کو متحرک کیا جائے گا، اس حوالے سے ایک جامع پالیسی مرتب کی جارہی ہے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں گورنر بننا ایک خوش آ ئند بات ہے جس سے پارٹی کو تقویت ملے گی اور پنجاب بھر کے کارکنان کو بہت فائدہ پہنچے گا ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ایک سلجھے ہوئے زیرک سیاستدان ہیں ، امید ہے کہ وہ وفاق ، پنجاب، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بہتر تعلقات قائم کرنے میں پل کا کر دار ادا کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پیپلز پارٹی کی تنظیمیں موجود ہیں جہاں پر پرفارمنس نہیں ہورہی وہاں پر پارٹی کی کارکردگی کو بہتر کرنے کو کوشش کریں گے جس کا آغاز ہم نے آج ہی سے کر دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیںیقین ہے کہ آئندہ انتخابات چاہے وفاق کے ہوں یا صوبے کے پیپلز پارٹی پنجاب کی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں