اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کو روشنیوں اور رنگوں کے شہر سے کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا، عوامی نمائندوں کو ملک کی بہتری اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا، پینے کے صاف پانی کے لئے منصوبوں کا قیام اور معیاری تعلیم کی فراہمی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سندھ کی صوبائی حکومت نے صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی زندگیاں بہتر بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو اپنی غفلت چھپانے کے لئے سندھ کارڈ نہیں کھیلنا چاہئے، ان کی حکومت نے صوبے اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، کراچی پاکستان کا وہ شہر ہے جس کو روشنیوں اور رنگوں کا شہر کہا جاتا تھا لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اراکین جو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں عوام سے ووٹ لے کر منتخب ہو کر آتے ہیں وہ اپنے ووٹروں کے نمائندہ ہوتے ہیں، عوامی نمائندوں کو ملک کی بہتری اور اپنے اپنے حلقوں کے عوام کو بااختیار بنانے کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔