پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

190
پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں،عوام میں پیپلز پارٹی کی بڑھتی ہوئی پذیرائی اس بات کی غمازی ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ ہے،موجودہ حکومت عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، موجودہ حکومت کو جب اقتدار ملا تو ملک میں معاشی صورتحال نازک موڑ پر کھڑی تھی۔

سپیکر آفس میڈیا سیل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے حلقہ گوجر خان کی یونین کونسل آہدی کے دورے کے دوران گاؤں تڑائی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گاؤں تڑائی سے تعلق رکھنے والے نمبردار حاجی ظفر، چوہدری افضال گجر نے اپنی برادری کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور راجہ پرویز اشرف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر راجہ جاوید اشرف بھی موجود تھے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں نئے شمولیت اختیار کرنے والے زعماء کو دل کی عمیق گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور اس سلسلے میں کیپٹن ر محمد اکرم اور راجہ یونس کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پر عوام کا بڑھتا ہوا اعتماد اس بات کی غمازی ہے کہ آئند حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کو اقتدار ہمیشہ مشکل حالات میں ملا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام میں جڑیں مضبوط ہیں اور عوام اب جان چکی ہے کہ پیپلز پارٹی ہی متوسط طبقے کی جماعت ہے اور یہی جماعت اللہ تعالیٰ کی مدد سے ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو گی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان کے عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم گوجر خان کی پسماندگی کو ختم کرنے کا عزم کیا تھا اور اب بطور اسپیکر اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر عوام کی خدمت کرنے کا موقع دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔