پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95 ویں یومِ ولادت پر پیغام

523
بلاول بھٹو زرداری کا ڈاکٹر عرفان گل مگسی سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

کراچی/اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے، ان کا نظریہ، جدوجہد اور قربانی لازاول ہیں۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پیغام کے مطابق قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95 ویں یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ ہے، جسے مٹانے کی کوشش کرنے والے تاریخ میں بے نام و نشان خاک بن گئے، جبکہ بھٹو کا نام آج بھی پاکستان کے گلی کوچوں سمیت دنیا کے کونے کونے میں گونجتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے بعد قائدِ عوام قوم کے مقبول ترین لیڈر تھے، جنہوں نے اپنے خلوص، تدبر اور محنت کے ذریعے ملک کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی لحاظ سے آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور بااختیار بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آئین اور جوہری پروگرام دیا، پاکستان کو اسلامی دنیا کا مرکز بنایا اور پاک –

چین تعلقات کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ پاک – چین تعلقات کو ایک اٹوٹ دوستی میں تبدیل کرنا بھی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا طرہ امتیازہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائدِ عوام نے بطور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم پاکستان میں مزدوروں کو ٹریڈ یونینز تشکیل دینے کا حق دیا اور مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیا۔ زرعی اصلاحات کرکے بے زمین کسانوں کو زمینیں دیں اور غریبوں کو گھروں کا مالک بنایا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام کے نظریے کو فروغ اور ان کے مشن کو پایئے تکمیل تک پہنچانے کے لیئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر جدوجہد کی اور اپنی جان تک کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی جماعت کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور مشن کی روشنی میں 1973ع کے آئین کی حفاظت، جمہوریت کو مضبوط، رواداری اور مساوات کو فروغ اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل ترقی یافتہ ملک بنانے کی جدوجہد کو منزل پر پہنچا کر ہی دم لیں گے۔