پاکستان چار وفاقی اکائیوں پرمشتمل ملک ہے،وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے ہم سب متحد ہیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

166
پاکستان چار وفاقی اکائیوں پرمشتمل ملک ہے،وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے ہم سب متحد ہیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان چار وفاقی اکائیوں پرمشتمل ملک ہے،وطن کی ترقی اور دفاع کے لئے ہم سب متحد ہیں۔ ہفتہ کو نجی میڈیکل آئی ٹی کمپنی بل میڈیکس کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بہت محنتی اور باصلاحیت ہیں اگر انہیں مواقع میسر ہوں تو وہ دنیا کے کسی بھی ملک کے نوجوان سے کم نہیں ہیں۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بل میڈکس کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان اور امریکہ میں روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہمارے نوجوان محنتی، قابل اور آگے بڑھنے کے جذبے سے سرشار ہیں،نوجوانوں کو محنت سے پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔