راولپنڈی20ستمبر (اے پی پی )وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی و ریسرچ سکندر حیات خان بوسن نے کہاہے کہ شوگر انڈسٹری ملکی زراعت پر انحصار کرنے والی دوسری بڑی صنعت ہے جو کہ دیہی علاقوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کر رہی ہے ،حکومت ملکی شوگر انڈسٹری کو پھلتا پھولتا دیکھنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہے ،دور حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں معیار کو مزید بہتر بنانا ہو گا بصورت دیگر ہم دوسروں پر انحصار کرتے رہ جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں پاکستان سوسائٹی آف شوگر ٹیکنالوجسٹ کے سالانہ کنونشن سےخطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت ملک میں صرف دو شوگر ملیں تھیں تاھم اس وقت ملک میں 90کے قریب شوگر ملز کام کر رہی ہیں جبکہ اسی طرح ملک میں گنے کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ گنے کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔