پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا ، جلد مہنگائی کی دلدل سے نکل آئے گا، آنے والا دور ترقی اور خوشحالی کا ہے ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبد الواسع کا خطاب

118

سکھر۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبد الواسع نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا ، جلد مہنگائی کی دلدل سے نکل آئے گا، سخت فیصلے کرنے ہونگے ، آنے والا دور ترقی اور خوشحالی کا ہے ۔ وه سکھر کے قریب جامعہ مدینه العلوم روہڑی میں دستار فضیلت كانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں حفاظ کرام کی دستار بندی کی گئی ۔ كانفرنس میں جے یو آئی سندھ کے جنرل سیكریٹری راشد محمود سومرو اور دیگر رہنما بھی شریک تھے ۔

كانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں كریگا ، ہمیں کچھ سخت فیصلے کرنے ہونگے۔ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن ان حالات کا مل کر مقابلہ کرنا ہے ۔ پاکستان جلد مہنگائی کی دلدل سے نکل آئے گا اور آنے والا دور ترقی اور خوشحال کا دور ہوگا ۔ سابق حکومت اور سابق حکمران کی وجہ سے پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ مولانا عبد الواسع نے کہا کہ جے یو آئی اور پی ڈی ایم نے ملکر سابق حکومت کو گھر بھیجا اور عالمی اسٹبلشمنٹ کے ایجنڈے كو دفن کر دیا ۔

عمران خان نے ملک میں معاشی تباہی کی اور ملكی مالیاتی اداروں کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ۔ ہم ملک كو اب بہتری کی طرف لیکر جا رہے ہیں ۔ اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں آنے والا وقت جے یو آئی کا ہے ۔

بلدیاتی انتخابات میں سندھ کے لوگوں نے جے یو آئی کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور عام انتخابات میں بھی لوگ جے یو آئی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ كانفرنس سے مولانا امیر خان متقی ، مولانا محمد صالح اندھڑ ، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی ، حافظ عبد الحمید مہر ، مولانا سرور ندیم ، قاری جمیل احمد اور دیگر نے خطاب کیا ۔