ریاض۔23ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے مملکت کے 94 ویں قومی دن پر سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفارتخانے نے مملکت کی قیادت اور عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے عربی زبان میں ایک خصوصی ویڈیو ٹریبیوٹ جاری کیا اور علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفارت خانے نے جاری پریس ریلیز میں کہا کہ یہ اظہار پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، تاریخی اور سٹریٹجک تعلقات کا ثبوت ہے۔ وڈیو میں سفارت خانے نے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو باہمی احترام، مشترکہ ثقافتی اقدار اور مختلف شعبوں میں تعاون پر مبنی ہیں۔ وڈیو میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے علاقائی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی ہے جس سے قابل اعتماد اتحادیوں کے طور پر اپنے تعلقات کو مضبوط کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے اس موقع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس دن ہم نہ صرف مملکت کی کامیابیوں بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خوبصورت اور اٹوٹ رشتے کا جشن بھی مناتے ہیں۔ ہم اس عظیم قوم کی قیادت اور لوگوں کے لیے خوشحالی اور ترقی کے خواہش مند ہیں۔ وڈیو میں تجارت، دفاع، تعلیم اور ثقافت میں کئی دہائیوں کے تعاون پر مبنی خوشحال مستقبل کے لیے مشترکہ وژن کو بھی اجاگر کیا گیا۔