پاکستان کا آئرلینڈ، سپین اور ناروے کی جانب سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم

103
foreign Ministry
foreign Ministry

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):پاکستان نے آئرلینڈ، سپین اور ناروے کی جانب سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم بہاماس، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس کی طرف سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے حالیہ اعلانات کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ حالیہ اعلانات فلسطینی عوام کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے لیے دہائیوں سے جاری جدوجہد میں ایک اور سنگ میل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی نسل کشی اور وہاں کی سنگین انسانی صورتحال نے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی طرف بڑھنے کی اشد ضرورت پر زور دیا ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ ترجمان نے کہا کہ ریاست فلسطین کو اب اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی بھاری اکثریت نے تسلیم کیا ہے، لہٰذا اب وقت آ گیا ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں مکمل رکنیت فراہم کی جائے جیسا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اپنی حالیہ قرارداد میں مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ان بڑھتے ہوئے بین الاقوامی جذبات کا مثبت جواب دینے کے لیے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں۔