پاکستان کا آئین ذات پات، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بناتا ہے، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

54

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین ذات پات، مسلک اور مذہب سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کو یقینی بناتا ہے، ہمارا مذہب اسلام انسانوں کے عزت و وقار کی ضرورت پر ر زور دیتا ہے،زندگی کی تمام بنیادی ضروریات تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سندھ سے ممبر صوبائی اسمبلی انتھونی نوید کی قیادت میں ملک بھر کی اقلیتوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اقلیتی برادری ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو انسانی حقوق خصوصاً خواتین کے حقوق کی فراہمی کی عظیم علمبردار تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کرے گی۔

ممبر صوبائی اسمبلی سندھ نوید انتھونی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی طرف سے اقلیتوں کے حقوق کے لیے ان کے جذبات کو سراہا اور ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے کام کے معیار کو بہتر بنانے اور ان کے لیے قانون سازی کے اقدامات کرنے کی تجاویز بھی پیش کیں۔