18.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 2, 2025
ہومتقریبات یوم آ زادیپاکستان کا اقوام متحدہ میں جارحانہ اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر...

پاکستان کا اقوام متحدہ میں جارحانہ اسرائیلی حملوں کو فوری طور پر روکنے اورفلسطینیوں کے تحفظ کے لیے میکانزم کا مطالبہ

- Advertisement -

اقوام متحدہ ۔18نومبر (اے پی پی):پاکستان نےاقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ غزہ میں جارحانہ اسرائیلی حملوں کو روکنے اور فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے فوری طور پر میکانزم وضع کیا جائے۔ پاکستان نے 17 ممالک کے ایک گروپ جس میں الجزائر، بولیویا، چین، کیوبا، مصر، اریٹیریا، ایران، سعودی عرب، لیبیا، نکاراگوا، نائیجیریا، روس، سری لنکا، شام، وینزویلا اور زمبابوے شامل ہیں ،کی جانب سے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پرمشرق وسطی کے تنازعات کے حل کے لئے ایک طریقہ کار وضع کرے تاکہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلسل بمباری کا نشانہ بننے والے فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے اور تنازعہ کے پرامن حل کو فروغ دینے کی کوششیں تیز کی جائیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو ایک غیر رسمی اجلاس میں بتایا کہ غزہ کے لوگ اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں تاکہ انہیں محصور علاقہ میں مزید اموات اور تباہی سے بچایا جا سکے ۔پاکستانی سفیر نے مجوزہ میکانزم کے حوالہ سےکہا کہ یہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق قائم کیا جائے ۔سفیر منیر اکرم نے مزید کہاکہ بین الااقوامی اور انسانی حقوق کے وہ قوانین جو شہریوں اور شہری املاک کے تحفط کی ضمانت دیتے ہیں ،کےاطلاق کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے 193 رکنی اسمبلی کو بتایا کہ11ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جن میں سے دو تہائی خواتین اور بچے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا اسرائیلی بمباری سے اب تک غزہ میں 27 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 1.6 ملین سے زائد غزہ کے باشندے بے گھراور41ہزار سے زائد رہائشی یونٹ تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے آدھے سے زیادہ ہسپتال ایندھن کی کمی، نقصان، حملوں اور عدم تحفظ کی وجہ سے غیر فعال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اپنے حملوں سے سکولوں اور عبادت گاہوں کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے ، خواتین، بچے اور بوڑھوں کے ساتھ ساتھ مخصوص خطرات کے حامل دیگر عام شہری بھی قابضین کے حملے کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے یو این آرڈبلیو اے کے عملے کے 102ارکان کو خراج عقیدت پیش کیا جو غزہ میں ہلاک ہو ئے جو کہ تنظیم کی تاریخ میں ایک تنازعہ میں ہلاک ہونے والے اقوام متحدہ کے امدادی کارکنوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا توقع کرتی ہے کہ رکن ممالک تنازع کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدام کریں گے۔فلسطینی عوام کے خلاف تمام مظالم کی مذمت کرتے ہوئےسفیر اکرم نے17 ممالک کی جانب سے بات کرتے ہوئے ایک پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے لیے ضروری سامان اور خدمات کی فوری فراہمی بشمول پانی، خوراک، طبی سامان، ایندھن اور بجلی کی فوری ترسیل ، امداد کی ترسیل کو آسان بنانے کے لیے انسانی ہمدردی کی راہداریوں کا قیام پر زوردیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم فلسطینی شہری آبادی کی جبری نقل مکانی اور غزہ کے اندر غیر قانونی انخلا اور نقل مکانی کی کسی بھی کوشش کو سختی سے مسترد کرتے ہیں اور اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم بے گھر فلسطینیوں کی ان کے وطن میں فوری واپسی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری اور متعلقہ ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نہ صرف غزہ کی پٹی میں تباہ کن انسانی صورت حال کو فوری طور پر روکیں بلکہ اسرائیل کو غزہ پر قبضہ اور دشمنی ختم کرنے پر مجبور کریں،

مظالم کا خاتمہ کریں، انسانی امداد تک بلا روک ٹوک رسائی کی ضمانت دیں، اور فوری طور پر امدادی کارروائیوں کو تیز کریں۔سفیر اکرم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق امن عمل کو آگے بڑھانے کے مطالبے کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عرب امن اقدام کا مقصد ایک منصفانہ اور جامع حل تلاش کرنا اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کےساتھ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=411877

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں