پاکستان کا اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے ڈاکٹر فرنینڈ ڈی ویرنس کے بھارت کے غیر قانونی طور زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر دیئے گئے اہم بیان کا خیرمقدم

137
شنگھائی تعاون تنظیم

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے اقلیتی امور ڈاکٹر فرنینڈ ڈی ویرنس کے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر دیئے گئے اہم بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بیان میں سری نگرمیں جی ٹونٹی ٹورازم ورکنگ گروپ کے اجلاس کے انعقاد کے بھارتی منصوبوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ڈاکٹر فرنینڈ ڈی ویرنس نے بجا طور پر کہا کہ بھارت ایک ایسے وقت میں کشمیر کی صورتحال کو معمول کے مطابق قرار دے رہا ہے جب مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں، غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاریاں، سیاسی ظلم و ستم، پابندیاں اور آزاد میڈیا اور انسانی حقوق کے محافظوں کو دبانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خصوصی نمائندے کی طرف سے جی ٹونٹی اجلاس کے انعقاد پر ردعمل اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کی مذمتی بیان کی تائید کی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جی ٹونٹی کے رکن ممالک کو مقبوضہ علاقہ کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے اقلیتی امور کے مشوروں پر توجہ دینی چاہیے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 11 مئی کو کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملاقات میں کشمیری عوام کے پیدائشی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی پاکستان کی جانب سے اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ ترجمان نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے ساتھ وزیر خارجہ کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آزادی کی حامی سیاسی قیادت بدستور قید ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے 10 رکنی وفد کی قیادت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔