پاکستان کا اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل جیویر پیریز ڈی کﺅلر کی وفات پر اظہار افسوس

142
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) پاکستان کی حکومت اور عوام اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل جیویر پیریز ڈی کﺅلر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق سیکرٹری جنرل اپنے دور کے نمایاں رہنماﺅں میں شامل تھے جنہوں نے اپنے ملک اور بین الاقوامی برادری کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔ سابق سیکرٹری جنرل جیویر پیریز پیرو کے عظیم سپوت تھے جو لاطینی امریکہ کی سیاست میں نمایاں شخصیت تھے اور انہوں نے ایک پر عزم جمہوریت پسند کے طور پر اپنے ملک میں جمہوریت کے فروغ کےلئے قابل ذکر کردار ادا کیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اپنے کثیر الجہتی اقدامات کے ذریعے ان کی عالمی برادری کے لئے خدمات اور افغانستان میں امن کے فروغ میں کلیدی کردار کو تادیر یاد رکھا جائے گا جبکہ انہوں نے ایران عراق کی دس سالہ جنگ کے خاتمے، نمبیا کی آزادی کے تحفظ اور کمبوڈیا، ایل سلواڈور اور نکارا گوا میں تضادات کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کیا۔ پر امن کاوشوں کے ذریعے طویل بین الاقوامی تضادات کے خاتمے کے لئے ان کی خدمات کو ایک لمبے عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔