برسبین۔14نومبر (اے پی پی):آسٹریلیا اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا جو بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔ امپائرز پچ کا معائنہ کررہے ہیں، ٹیموں کے درمیان فی اننگز 7 اوورزکا کھیل ہوگا جبکہ اب ٹاس بھی ہوچکا ہے۔
پاکستان ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا میچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کریں گے جو بہتر ہوگا۔دوسری جانب آسٹریلیا کو مچل سٹارک، جوش ہیز ل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہیں ۔ جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کررہے ہیں ۔
اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔آسٹریلیا کی جانب سے میتھیوشارٹ اور جیک فریزرمیک گرک نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے بائولنگ اٹیک کیا۔