پاکستان کا اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ، دفتر خارجہ کی ترجمان کا بیان

188
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے "عوام کے حق خود ارادیت کے عالمی حصول"سے متعلق پاکستان کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے26 فروری 2019 کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے فضائی حملوں کے خلاف پاکستان کے مناسب جواب کے آج چار سال مکمل ہوگئے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق 26 اور 27 فروری 2019 کے واقعات بھارت کے جنگی جنون اور پاکستان کی جانب سے زبردست تحمل اور ذمہ داری کو ظاہر کرتے ہیں، پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ کو امن کے لئے خیر سگالی کے اظہار کے طور پر واپس کردیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت کو اپنے لاپرواہانہ طرز عمل کے نتائج سے آگاہ رہنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مکمل تحفظ کے لیے تیار ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اس کے ساتھ ساتھ پرامن بقائے باہمی اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے پرعزم ہے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔