پاکستان کا اکتوبر میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹریل کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

67

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):پاکستان نے اکتوبر میں مختلف ممالک پر مشتمل دو روزہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹریل کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں چین، روس، ترکیہ اور آذربائیجان سمیت مختلف ممالک شریک ہوں گے۔ا س امر کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسط ایشیائی ممالک کے علاوہ نیپال، مالدیپ، سری لنکا، افغانستان اور ایران کو بھی اس علاقائی کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا تاکہ جنوب ایشیائی ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ رابطے بڑھائے جاسکیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کو گرم پانیوں تک رسائی اہمیت کی حامل ہے جس کے لئے ریل، روڈ اور فضائی رابطوں کا فروغ اس ریجنل کانفرنس کا اہم موضوع ہو گا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ ریجنل کانفرنس کے مقاصد کو واضح رکھا جائے اور سکیورٹی اور سیفٹی ترجیح ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی اس منسٹریل کانفرنس میں مدعو کیا جائے گا جبکہ ریلوے، میری ٹائمز، ایف بی آر اورمتعلقہ محکمو ں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے سینئر افسران کو ہدایت کی کہ اس دو روزہ کانفرنس کو بہترین بنانے کے لئے انتظامی کمیٹی تشکیل دیں۔ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس ریجنل کانفرنس کی قیادت کریں گے لہذا اسے زیادہ سے زیادہ سود مند بنایا جانا چاہئے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس کانفرنس کا اہم مقصد تاجکستان، ازبکستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کو گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں تک راہداری دینا ہے جس سے خطے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے امور میں مزید اضافہ ہوگا۔

اس اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مواصلات، وزارت خارجہ کے سینئر اور متعلقہ محکموں کے افسران نے اہم امور پر بریفنگ دی جس پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے روڈ سیفٹی کو بھی ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹریل کانفرنس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی ہدایت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ تجارت، سیاحت اور شپنگ کی وزارتیں اس کانفرنس کے حوالے سے اسلام آباد میں نمائش کا بھی اہتمام کریں گی۔