پاکستان کا بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش

184
سید علی گیلانی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی سچی آواز تھے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ
سید علی گیلانی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد کی سچی آواز تھے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ 1991 میں کپواڑہ کے کنن پوش پورہ گائوں میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی اجتماعی آبروریزی کے 32 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس شرمناک واقعہ میں ملوث بھارتی فوج کے اہلکاروں سے گزشتہ 32 سالوں میں جوابدہی کا فقدان اور انہیں استثنیٰ دینا اس کی ایک خوفناک مثال ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وضاحت کرتا ہے اور یہ عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر بدستور ایک بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی اس طرح کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔