پاکستان کا خیرمقدم، ثالثی عدالت کا فیصلہ سندھ طاس معاہدہ کے درست اور فعال ہونے کے پاکستانی موقف کی توثیق ہے، ترجمان دفتر خارجہ

18

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کشن گنگا اور رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹس پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ کی سماعت کرنے والی ثالثی عدالت نے قرار دیا ہے کہ اس کی اہلیت برقرار ہے اور یہ کہ ان کارروائیوں کو بروقت، موثر اور منصفانہ انداز میں آگے بڑھانا اس کی ذمہ داری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پیر کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ پاکستان ثالثی عدالت کی جانب سے اعلان کردہ ضمنی ایوارڈ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ 27 جون کو ثالثی عدالت نے اس ضمنی ایوارڈ کا اعلان کرنے کا فیصلہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اعلان کے تناظر میں کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس ضمنی ایوارڈ کا خیر مقدم کرتا ہے،

یہ ایوارڈ پاکستان کے اس موقف کی توثیق کرتا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ درست اور فعال ہے اور بھارت کو اس پر یکطرفہ کارروائی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ سندھ طاس معاہدے کے معمول کے کام کو فوری طور پر دوبارہ شروع کرے اور اپنے معاہدے کی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔