پاکستان کا دفاع مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے،سابق ایم این اے

92
ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

مظفرگڑھ۔ 22 دسمبر (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنما سابق ضلع ناظم مظفرگڑھ اور سابق رکن قومی اسمبلی الحاج ملک سلطان محمود ہنجراءنے کہا ہے کہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر پھیلاو کا خود ساختہ الزام لگا کر امریکہ کا پاکستان کی چار کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے سے ایک بار پھر آشکار ہو گیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط اور نا قابل تسخیر ہو چکاہے اور پاک افواج کی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں سے دیگر ممالک بھی خوف زدہ ہیں ۔

الحاج ملک سلطان محمود ہنجراءنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو سوشل میڈیا پر پاک افواج کے سپہ سالار جنرل سید حافظ عاصم منیر ، آئی ایس آئی اور پاک افواج کے خلاف جاری میڈیا وار کے پس پردہ محرکات اور عوامل کو بھی سمجھنا ہو گا اور سب کو تسلیم کرنا ہو گا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی عظیم اسلامی افواج کی جنگی او ر دفاعی تیاریوں سے دنیا بھر کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہے ۔

الحاج ملک سلطان محمود ہنجراءنے اپنے ملک کے تعلیم یافتہ نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کیخلاف سوشل میڈیا پر جاری ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے مقاصد کو سمجھتے ہوئے حب الوطنی کے تقاضے پورے کریں اور پاکستان کے دفاعی اداروں کے خلاف شر انگیزمہم چلانے والوں کو موثر اور مدلل انداز میں جواب دے کر دشمنان پاکستان پر واضح کریں کہ پاکستان جا گ رہا ہے۔ پاک فوج کی مضبوطی ہی دفاع وطن کی ضمانت ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک کے اندر پاک افواج کےخلاف منافرت پھیلانے کی سازش کرنے والے ماضی کی طرح آئندہ بھی نا کام و نا مراد ہی رہیں گے۔