26.5 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی افواج، سائنسدانوں...

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی افواج، سائنسدانوں اور سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا یوم تکبیر پر پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور ملکی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی افواج، سائنسدانوں اور سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، اس روز قوم نے نواز شریف کی قیادت میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

- Advertisement -

یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی سائنسی، عسکری اور سیاسی قیادت کے عزم و استقلال کا مظہر ہے بلکہ یہ دن اس بات کی بھی علامت ہے کہ جب بھی مادرِ وطن کو چیلنج درپیش آیا، قوم یک جان ہو کر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے صف آراء ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج ایک بار پھر پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ دفاعِ وطن کے لیے ہم ہر حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے، 1998ء میں نواز شریف کی قیادت میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کئے اور اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے طیارے کامیابی سے مار گرائے۔

یہ کامیابی اس تسلسل کا حصہ ہے جو 1998ء میں شروع ہوئی تھی اور آج بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، قوم کو اپنی افواج، سائنسدانوں اور سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور ملکی سلامتی و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602258

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں