پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاک فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہے،رہنماءپاکستان مسلم لیگ(ن)

143

کوئٹہ۔ 06 مئی (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئررہنما ءچوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے پاک فوج ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہے، بھارت اور مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان ایٹمی قوت ہے اور بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے،فتح میزائل کا کامیاب تجربہ دفاع وطن میں سنگِ میل ہے،قوم کو اپنی افواج اور سائنسدانوں پر فخر ہے،مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اورپاکستان نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج،سیکورٹی فورسز اور عوام نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت حملہ کرنے کی غلطی کبھی نہ کرے بصورت دیگر بھارت کو جارحیت کا منہ توڑجواب دینا پاک فوج اچھی طرح جانتی ہے موجودہ حالا ت میں پوری قوم افواج کی پشت پر ہے۔انہوں نے فتح سیریز زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل کے کامیاب تربیتی تجر بہ پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی دفاعی تیاری، ٹیکنالوجی میں خودکفالت اور قومی سلامتی کے عزم کی مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ فتح میزائل کا کامیاب تجربہ دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمارے سائنسدانوں و انجینئرز کی انتھک محنت نے اس کامیابی کو ممکن بنایا،

جدید نیویگیشن سسٹم سے لیس فتح میزائل قومی دفاعی نظام میں ایک مضبوط اضافہ ہے اور اس تجر بہ نے دشمن کی جارحیت کے خلاف موثرردعمل دینے کی پاکستان کی صلاحیت پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔