پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت نوجوان ہیں، ملک کی ترقی کا دارومدار نوجوانوں کی ترقی پر ہے، وزیراعظم عمران خان کی نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان سے گفتگو

80

اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت نوجوان ہیں، ملک کی ترقی کا دارومدار نوجوانوں کی ترقی پر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل یوتھ کونسل کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، صوبائی وزرا ءرائے تیمور خان بھٹی، راجہ ناصر علی خان مقپون اور متعلقہ اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنا رہی ہے، کامیابی کا راستہ جدوجہد کا راستہ ہے، پاکستان میں نوجوانوں کا تناسب زیادہ ہونا ملک کی خوش قسمتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر ہمیشہ سچا اور ایماندار ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سچ کا راستہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو ملکی برآمدات صرف 20 ارب ڈالر تھیں، حکومت کی پالیسیوں کی بدولت برآمدات میں 35 فیصد اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے، ہمارا سب سے بڑا سرمایہ باصلاحیت افرادی قوت یعنی نوجوان ہیں۔

اس موقع پر معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قائم شدہ نیشنل یوتھ کونسل اور نوجوانوں کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک 6 شعبوں پر خصوصی توجہ دینے کیلئے بنائی گئی ہے جس میں سماجی تحفظ، معاشرتی اعتبار سے نظر انداز نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لانا شامل ہیں، صحت، نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات، سوک انگیجمنٹ بھی فریم ورک کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ روزگار کے مواقع اور معاشی خودمختاری بھی فریم ورک کے 6 شعبوں میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 2023 تک نوجوانوں میں معاشی خودمختاری اور یوتھ انٹرپرونیورشپ کیلئے 100 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کامیاب جوان ہنرمند پروگرام کے تحت 2 لاکھ نوجوانوں کو وظائف دیئے جائیں گے،

کامیاب جوان مرکز، ٹیلنٹ ہنٹ، کھیلوں کی اکیڈمیز، گرین یوتھ موومنٹ اور انوویشن لیگ بھی منصوبے کا حصہ ہیں، یوتھ کونسل میں پورے ملک کے مختلف شعبوں سے 33 نوجوان شریک ہیں، نوجوانوں کے انتخاب میں ملک کے مختلف علاقوں، ٹرانس جینڈرز، اقلیتوں، جسمانی طور پر معذور افراد اور مرد و خواتین کی برابر کی نمائندگی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔\932