اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گرد حملوں کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات میں غیر ضروری تاخیر پر بھارت سے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں 42 سے زائد بے گناہ پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری بیان کے مطابق حملوں میں ملوث بعض افراد کو بری کرنے کی بھارتی کوششوں نے ضروری قانونی عمل اور انصاف کی فراہمی کے بارے میں سنجیدہ سوالات کو جنم دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارتی حکومت پر دہشت گرد حملوں کے تفتیشی عمل کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنے کیلئے بھی زور دیتے ہیں۔