پاکستان کا شدید زلزلے کے تناظر میں ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار

117

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):پاکستان نے شدید زلزلے کے تناظر میں ترکیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو گہرے دکھ اور غم کے ساتھ آج صبح جنوبی ترکیہ میں شدید زلزلے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے المناک جانی نقصان پر برادر ترک عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔

بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ترک ہم منصب چاوش اولو سے رابطہ کرکے ان سے جانی نقصان پر تعزیت اور اظہار یکجہتی کیا اور انہیں مدد کی پیشکش کا اعادہ کیا۔ بیان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) تمام دستیاب وسائل کو متحرک کررہی ہے جن میں موسم سرما میں استعمال ہونے والے خیمے، کمبل اور زندگی بچانے والی دیگر اہم اشیاءشامل ہیں، متاثرہ علاقوں میں کام کرنے کے لیے تربیت یافتہ اربن سرچ اور ریسکیو ٹیموں کو ان کے آلات اور ادویات کے ساتھ روانہ کیا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق انقرہ میں پاکستان کا مشن متعلقہ ترک حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے لیے کسی اضافی ضرورت کی نشاندہی کی جاسکے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اس شدید قدرتی آفت کے تناظر میں ترکیہ کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جبکہ پاکستان فوری امدادی کوششوں کے علاوہ بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔