اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اے پی پی) پاکستان نے طالبان کی جانب سے عید الضحی کے موقع پر افغانستان میں تین روزہ جنگ بندی اور اسی جذبے کے تحت افغان حکومت کی جانب سے اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفترخارجہ نے طالبان اور افغان حکومت کی جانب سے عید الضحی کے موقع پر تین رعشہ جنگ بندی کے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام پرامن اور مستحکم افغانستان کے مقصد کو آگے بڑھانے کی سمت ایک مثبت پیشرفت ہے اور امید کرتے ہیں کہ امریکہ طالبان امن معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے انٹرا افغان مذاکرات شروع کرنے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی طرف سے پرامن ،مستحکم ، جمہوری ، خوشحال اور متحد افغانستان کے لئے پرعزم ہے،جس کے اپنے تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ پر امن تعلقات ہوں۔