پاکستان کا "فتح” سیریز کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ

118

راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):پاکستان نے جاری مشق "ایکس انڈس” کے تحت پیر کو "فتح” سیریز کے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ، میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی عملی تیاری کو یقینی بنانا اور میزائل کے جدید نیویگیشن سسٹم اور بہتر درستگی سمیت اہم تکنیکی پہلوئوں کی تصدیق کرنا تھا۔ تربیتی تجربہ کا پاکستان آرمی کے سینئر افسران اور پاکستان کے سٹریٹجک اداروں کے افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے مشاہدہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف نے حصہ لینے والے فوجی جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

انہوں نے پاکستان کی علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لئے پاکستان آرمی کی عملی تیاری اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔