اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے قائم مقام سینئر نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے عوام کو آگاہ کرنے، واقعات کا تجزیہ کرنے اور حکام کو جوابدہ بنانے کے ذریعے معاشرے کی تشکیل میں میڈیا کے اہم کردار پر روشنی ڈالی ہے۔ ہفتہ کو چیمبر ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے ایک تعارفی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقاتی رپورٹنگ کے ذریعے صحافی چھپی ہوئی سچائیوں سے پردہ اٹھا سکتے ہیں اور قانونی اور سماجی اصلاحات کو آگے بڑھا سکتے ہیں ۔انہوں نےمزیدکہا کہ کاروباری برادری کومختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
جن میں ریگولیٹری فریم ورک اور دیگر مسائل شامل ہیں جو کاروباری آسانیوں کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ یہ مسائل نہ صرف کاروباری ترقی کو روکتے ہیں بلکہ قومی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ ان خدشات کو مستقل طور پر اجاگر کریں۔انہوں نے ان چیلنجوں سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے میڈیا اور آئی سی سی آئی کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے حکومت کے جاری معاشی اقدامات کے بارے میں کہا کہ ان اقدامات سے ملک کے معاشی استحکام میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ کی طرف ترغیب دینے کے لیے کاروباری رہنماؤں کی کامیابی کی کہانیوں کو اجاگر کرنے کی بھی وکالت کی تاکہ انہیں ملازمت کے متلاشیوں کے بجائے نوکری کا تخلیق کار بننے کی ترغیب دی جاسکے۔آئی سی سی آئی کے قائم مقام نائب صدر چوہدری ندیم احمد نے بھی احتساب کو یقینی بنانے میں میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا۔انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ مقامی صنعتوں کی ترقی کو فروغ دینے کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو تواتر سے اجاگر کرے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں، آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ صدیقی نے ریاست کے ایک ستون کے طور پر میڈیا کے اہم کردار کی تعریف کی۔سیشن کا اختتام میڈیا اور آئی سی سی آئی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔
فریقین نے کاروبار کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔