پاکستان کا مستقبل چوروں کے حوالے نہیں کر سکتے، سندھ ہائوس میں لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے بولی لگائی جا رہی ہے ،دس لاکھ لوگوں کی کال کے ڈر سے اپوزیشن خوف میں مبتلا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

99

اسلام آباد ۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ڈاکوئوں پر مشتمل حکومت بنانے کی بات کی جا رہی ہے، پاکستان کا مستقبل چوروں کے حوالے نہیں کر سکتے، سندھ ہائوس میں لوگوں کے ضمیر خریدنے کیلئے بولی لگائی جا رہی ہے جہاں بہت سا پیسہ منتقل ہونے کی اطلاعات ہیں، دس لاکھ لوگوں کی کال کے ڈر سے اپوزیشن خوف میں مبتلا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں گرین یوتھ موومنٹ کی تقریب سے مہان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کل چھوٹا ڈان کہہ رہا تھا کہ ملک میں قومی حکومت بنا دیں جس میں تحریک انصاف شامل نہ ہو، عقل کے اندھے آج کہہ رہے ہیں کہ ڈاکوئوں کی حکومت بنا دو جو چوروں کو بچائے، ہم نے اس سے قبل اس طرح کا قومی بیانیہ نہیں سنا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کی 63 فیصد آبادی 15برس سے 33 برس کے نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ وہ نوجوان ہیں جو پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہم اپنے مستقبل کو چوروں اور ڈاکوئوں کے حوالے ہرگز نہیں کرنے دیں گے، ہمیں معلوم ہے سندھ ہائوس کے اندر منڈیاں لگی ہوئی ہیں، وہاں جس قسم کی بولیاں لگ رہی ہیں اور ضمیر فروخت کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، کیا عوام اس کی اجازت دیں گے؟

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے چند روز قبل ڈی چوک پر دس لاکھ بندے اکٹھے کرنے کی بات کی تھی لیکن یہ نہیں کہا تھا کہ یہ لوگ اپوزیشن کو ماریں گے، اپوزیشن صرف دس لاکھ آدمی اکٹھے ہونے کے ڈر سے بے ہوش ہو گئی ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ جلسے اور جلوس کریں، اپنے لوگوں کو اکٹھا کریں، یہ ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں کرکے دکھائیں گے، ہم لوئر مڈل کلاس کی پارٹی ہیں، ہم متشدد لوگ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے نوجوانوں کے مستقبل کی امید ہیں، ہم اس امید کے ساتھ جئیں اور مریں گے۔