پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال میں سنگین اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار

6

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان نے قطر میں امریکا کے العدید ایئر بیس پر حملوں کے نتیجے میں خطے میں سلامتی کی صورتحال میں بگڑتی ہوئی سنگین صورتحال پر اپنی گہری تشویش اور خطرے کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول کی حالیہ خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

بیان کے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی پاسداری اور تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام تنازعات کو حل کرنے کےلئےبات چیت اور سفارت کاری کے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے اور کشیدگی میں کمی کے لئے فوری اقدامات پر زور دیتا ہے۔