اقوام متحدہ ۔ 19 جون (اے پی پی) پاکستان نے نفرت انگیز تقاریر کے سدباب کے لئے اقوام متحدہ کی نئی حکمت عملیاور پلان آف ایکشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے جنوبی ایشیا سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں زبان کا استعمال ادنیٰ سیاسی اور انتخابی مفادات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں تعصب، عدم برداشت اور مسلمانوں اور غیر ملکیوں سے نفرت کے رحجانات کو ہوا مل رہی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے سفیروں سینئر سفارتکاروں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خاتمہ کے لئے فوری لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ اس وقت نسل پرستی اور ایک دوسرے کے خلاف نفرت کا کھلے عام اظہار کیا جارہا ہے۔