پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ پہلا قدم ہے،آج تاریخ کا اہم ترین دن ہے،نیا سیاسی نقشہ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو جلد ان کی منزل ملے،وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان کے نئے سیاسی نقشہ کے اجراءکے موقع پر خطاب

210

اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ پہلا قدم ہے،آج تاریخ کا اہم ترین دن ہے،نیا سیاسی نقشہ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے،ہم چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کو جلد ان کی منزل ملے،کشمیر کا مسئلہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،منزل تک پہنچنے سے پہلے اس کا تصور ذہن میں لانا لازمی ہوتا ہے۔منگل کو پاکستان کے نئے سیاسی نقشہ کا اجراء پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نقشہ پہلا قدم ہے، بھارت نے 5 اگست کا جو اقدام اٹھایا یہ نقشہ اس کی نفی ہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں،مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی منزل تک ضرور پہنچیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سیاسی نقشے کی باقاعدہ منظوری دی،مسلئہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم سیاسی جدوجہد کریں گے، فوجی جدوجہد کو نہیں مانتے، کشمیر کا مسئلہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،جب تک زندہ ہوں پاکستانی قوم کشمیر کے لئے جدوجہد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نقشے میں لائن آف کنٹرول کو واضح طور پر ظاہر کیا گیا ہے،کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا یہ نقشہ پہلا قدم ہے،آج تاریخ کا اہم ترین دن ہے،پاکستان کے تمام سیاستدانوں نے نئے نقشے کی تائید کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج جاری کیا یہی نقشہ اب پاکستان کا سیاسی نقشہ ہوگا،بھارت کشمیری عوام پر ظلم وبربریت کے پہاڑ توڑرہا ہے۔