19.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، پاکستان جتنا...

پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہو گی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا سیمینار سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان کا وجود تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن ہے، پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہوگی، نریندر مودی کبھی مظلوموں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے، بھارت میں اکثریت کے نام پر چھوٹی سی اقلیت کا ایک پرتشدد راج نافذ ہے جہاں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت میں اقلیتوں سے ناروا سلوک کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل اور کشمیر میڈیا سروس کے زیر اہتمام ”بھارت میں اقلیتوں اور کشمیریوں پر ظلم و جبر“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کاز کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے اور یہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں کہیں بھی اقلیتوں کے ساتھ کبھی کوئی واقعہ پیش آیا تو اس وقت نہ صرف ہمارا معاشرہ بلکہ سیاسی جماعتیں اور حکومت وقت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوئیں، جڑانوالہ کے افسوسناک واقعہ کے فوری بعد وزیراعظم خود وہاں گئے، اقلیتوں کے نقصانات کی تلافی کی، یہ وہ فرق ہے جو پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود ہے، جب بھارت میں مذہبی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جاتے ہیں تو ایسا ردعمل وہاں نظر نہیں آتا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ جب سے بی جے پی کی حکومت آئی ہے، اس وقت سے یہ چیز بھارت میں دیکھنے کو نہیں ملی، اگر منی پور، گجرات یا کشمیر میں اقلیتوں کے ساتھ کوئی واقعہ یا سانحہ رونما ہوتا ہے تو نریندر مودی وہاں مظلوموں کے ساتھ کبھی کھڑے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس، رپورٹرز ود آئوٹ بارڈر جیسے عالمی اداروں نے اپنی رپورٹس میں بھارت کو نام نہاد اکثریتی ریاست ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اکثریت کے نام پر چھوٹی سی اقلیت کا ایک پرتشدد راج نافذ ہے۔ بھارت کا یہ رویہ بہت پرانا ہے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ یہ مزید سخت ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی پرتشدد ریاست زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتی، ایک وقت ضرور آئے گا جب اسے پرتشدد کارروائیاں ختم کرنا پڑیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق بالخصوص کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے اور کشمیری عوام کے انسانی حقوق، حق خود ارادیت اور ان کی سفارتی و سیاسی مدد گزشتہ 75 سالوں سے جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جتنا مضبوط ہوگا اتنا ہی بھارت کے اندر مظلوموں کی آواز مضبوط ہوگی لہذا پاکستان کا معاشی و سیاسی استحکام درحقیقت ایک ضمانت ہے، مظلوم کشمیری عوام کی مدد کے لئے پاکستان کو اپنا یہ کردار جاری رکھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا اصل حقائق اور اعداد و شمار دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے، ہمیں بھارتی ریاست کی طرح سینسر شپ کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے بہت سے سوشل میڈیا اکائونٹس پر پابندی لگا رکھی ہے جن میں ریڈیو پاکستان بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاست ان عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دبائو ڈال کر حقائق کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔

فلسطینی عوام کا ذکر کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلسطینی عوام پر مظالم کے باوجود آج بھی فلسطین کی آزادی کی روح کو شکست نہیں دی جا سکی، فلسطینیوں کی حمایت میں پوری دنیا سے آواز بلند ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بھارت کے اندر مظلوموں بالخصوص کشمیریوں کی آواز بلند کی جا رہی ہے، اسی طرح فلسطینیوں کے حقوق کے لئے بھی آواز مضبوط ہوئی ہے اور وہ ضرور رنگ لائے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415034

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں