اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):پاکستان نے چین میں سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردی متاثرہ اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں چین کو ہرممکن مدد اور انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ چینی لیڈرشپ کی قیادت اور چینی عوام کے پختہ ارادے اور یقین سے چین جلد ہی اس عارضی مشکل سے نکل جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی طرح پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا کر رہا ہے جو ہیٹ ویوز، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کے لئے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور اپنی متعلقہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔