پاکستان کا کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر واضح موقف ہے،فلسطین کے معصوم لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری

62

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستان کا کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر واضح موقف ہے، پہلے دن سے ہی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے ہماری مستحکم پالیسی ہے، انہوں نے فلسطین کے معصوم لوگوں کی مدد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی طویل عرصے سے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد اور اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد ہم نے واضح پالیسی اختیار کی ہوئی ہے کہ پوری دنیا میں مسلم کمیونٹی کو سپورٹ کریں گے۔ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے بارے سوال کے جواب میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے حوالے سے سمری مزید کارروائی کیلئے پارلیمنٹ میں پیش کر دی گئی ہے، بل کی منظوری کے بعد خواتین صحافیوں کی ہراسگی اور جبری گمشدگی بل کو ضروری کارروائی کیلئے اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو بھیجا جائے گا۔