پاکستان کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط بنانے اور عالمی تعاون کو بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا، وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

100
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

نیویارک۔22ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہاہے کہ پاکستان کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط بنانے اور عالمی تعاون کو بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج دنیا کو جن گھمبیر عالمی اور علاقائی چیلنجز کا سامنا ہے ان سے اقوام متحدہ کے فریم ورک کے اندر موثر کثیرالجہتی اقدامات کے ذریعے بہترین طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے تاہم عالمی طاقتوں کےدرمیان سٹرٹیجک مخالفت ،کشیدگی اور یکطرفہ پالیسیوں کی وجہ سے کثیرالجہتی اقدامات میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی اداروں کو مضبوط بنانے اور عالمی تعاون کو بڑھانے کے لئے فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ’’سمٹ آف دی فیوچر اور پیکٹ فار دی فیوچر ‘‘کے دائرہ کار اور عوامل پر مسلسل بات چیت کا خواہاں ہے جو پہلے سے ہونے والی مشاورت میں پیدا شدہ اتفاق رائے پر استوار ہو۔