پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی بی سی سی کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری دےدی

122

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے فنڈز کی منظوری دےدی ہے جس میں ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ایونٹس کے علاوہ کھلاڑیوں کے اعزازیہ بھی شامل ہیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے ذرائع نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ پی سی بی نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کیلئے ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کے فنڈز کی منظوری دےدی ہے جس میں تین ڈومیسٹک ایونٹ اور ایک انٹرنیشنل ایونٹ کے اخراجات شامل ہیں۔ اسی طرح اس فنڈ میں سے کھلاڑیوں کو اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے یکم جولائی سے 31 دسمبر تک قومی کھلاڑیوں کو 6 ماہ کا سنٹرل کنٹریکٹ دیا ہے جس میں تین کیٹگریز شامل ہیں۔ کیٹگری اے میں 15 ہزار روپے، کیٹگری بی میں 12 ہزار اور کیٹگری سی کے کھلاڑیوں کو 10 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جا رہا ہے۔