پاکستان کرکٹ بورڈ کا ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز مئی میں لینے کا اعلان

90
PCB
PCB

لاہور۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کھلاڑیوں کے پول کو وسعت دینے کیلئے تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے ملک بھر میں خواتین کرکٹرز کے ٹرائلز مئی میں لینے کا اعلان کیا ہے،ان ٹرائلز کی نگرانی سابق ٹیسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹرزکریں گے، ترجمان کے مطابق یہ ٹرائلز تین مختلف کٹیگریز میں لئے جائیں گے، جس میں انڈر 19،ایمرجنگ اور سینیئر خواتین کھلاڑیوں کی کٹیگریز شامل ہیں، انڈر 19 کٹیگری میں صرف وہ کھلاڑی شامل ہوں گی جو یکم ستمبر 2003 ء یا اس کے بعد پیدا ہوئیں جبکہ ایمرجنگ کٹیگری کیلئے عمر کی حد 19 سے 24 سال تک مقرر کی گئی ہے،اسی طرح 25 سے 28 سال تک کی خواتین کھلاڑی سینیئر کٹیگری میں ٹرائلز دینے کی اہل ہوں گی،

ترجمان کے مطابق پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ ریجنل اکیڈمیز کی خواتین کرکٹرز ان ٹرائلز میں شرکت کرنے کی اہل نہیں ہوں گی،پی سی بی پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن 23-2022 ء میں 100 خواتین کرکٹرز شرکت کریں گی،اس حوالے سے ویمنز کرکٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہناہے کہ خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ کیلئے ضروری ہے کہ ملک بھر کی نو عمر لڑکیوں اور خواتین تک اس کھیل کی رسائی کو یقینی بنایا جائے،

انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے انہیں باصلاحیت کرکٹرز کی تلاش میں مدد ملے گی اوران کی تیاری کیلئے انہیں ضروری سہولیات اور باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ وہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی مشکور ہیں کہ جنہوں نے بورڈ کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہوئے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن میں خواتین کرکٹ کی ترقی اور فروغ میں گہری دلچسپی ظاہر کی،قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی تو اس وقت اس کھیل میں خواتین کیلئے مناسب مواقع میسر نہیں تھے تاہم پی سی بی کے اس اقدام سے اب یہ کھیل ہر خواہشمندخاتون کرکٹر کی رسائی میں ہوگا جویقینا ملک میں خواتین کرکٹ کی ترقی کا سبب بنے گا۔