پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا ورچوئل اجلاس ،مالی سال 2021-22 کے لئے 8.997 بلین روپے بجٹ کی منظوری

60
روحیل نذیر ڈارون سیریز میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گے،ترجمان

کراچی۔1جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا ورچوئل اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا، بی او جی کی یہ رواں سال میں تیسری اور مجموعی طور پر 63ویں میٹنگ تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات کو یہاں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں مختلف موضوعات پر اتفاق کیا گیا، بی او جی نے مالی سال 2021-22کی منظوری دے دی ہے، آئندہ مالی سال کے لیے پی سی بی کا منظور شدہ کل بجٹ 8.997 بلین روپے ہے۔یہ بجٹ ہوم اور انٹرنیشنل کرکٹ، ڈومیسٹک کرکٹ، ایچ بی ایل پی ایس ایل 6اور انتظامی امور پر خرچ کیا جائے گا ۔

آئندہ مالی سال کے لیے منظور شدہ بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت 2 بلین روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔اس کی بڑی وجہ پاکستان کی انٹرنیشنل سیریز کی تعداد میں 9 سے 16تک اضافہ ہونا،ڈومیسٹک ایونٹس کی تعداد میں 11 سے 19 فیصد تک اضافہ ہونا،مینز اور ویمنز کرکٹرز کے ماہوار وظیفوں میں 10 سے 25 فیصد اضافہ ہونا ،ہوم سیریز کی پراڈکشن اور کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت ہوم کرکٹ سیریز کے لیے رقم مختص کرنا ہے۔

بی او جی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کو کامیاب انداز میں مکمل کرنے پر پی سی بی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔بی او جی نے اس موقع پرچھ فرنچائزمالکان اور تمام کھلاڑیوں کی تعریف کی ہے کہ جس طرح انہوں نے مشکل وقت بائیو سیکیور ببل میں گزار کر لیگ کو کامیاب بنایا۔بی او جی نیلیگ کو کامیاب بنانے کے لیے پس پردہ اور سامنیرہتے ہوئے، دونوں طریقوں سے پیشہ ورانہ انداز اپنانے پرپی سی بی کی تعریف کی ہے۔ بی او جی کا مشاہدہ ہے کہ لیگ کے بقیہ میچز کے کامیاب انعقاد سے پی سی بی نے دنیابھر میں پاکستان کا مثبت تشخض اجاگر کیا ہے۔

بی او جی کو بتایاگیا ہے کہ لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا انعقاد پاکستان میں ہوگا۔اس سلسلے میں تمام چھ فرنچائزز کی مشاورت سے سیزن 2021-22 کے لیے موزوں ونڈو کا انتخاب کیا جائے گا۔دیگر امور کے حوالے سے بی او جی کو بتایا گیا کہ پی سی بی نے2024-31 کے سائیکل میں شامل آئی سی سی کے چھ ایونٹس کی میزبانی کے لیے ایکسپریشن آف انٹریسٹ جمع کروادیا ہے۔

ان چھ ایونٹس میں سے پی سی بی تین وینیوز پر کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور 2029 کی میزبانی کا خواہاں ہیں۔پی سی بی آٹھ وینیوز پر کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2026 اور 2028 اور 10 مختلف وینیوز پر کھیلے جانے والے آئی سی سی مینز ورلڈپ 2027 اور 2031 کی میزبانی میں شراکت داری کا خواہشمند ہے۔آئی سی سی کی ایوولیشن کمیٹی اب پی سی بی کے ایکسرپیشن آف انٹریسٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد اپنافیصلہ کرے گی۔

ان ایونٹ کی میزبانی دینے کے عمل کا آغاز ستمبر میں شروع ہوگا۔پی سی بی پرامید ہے کہ وہ کم از کم ایک ایونٹ کی میزبانی حاصل کرلے گا۔ بی او جی کوبتایاگیا ہیکہ سیزن 2021-22 میں بائیو سیکیور پروٹوکولز اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ریسٹراڈا اور ای ایس آئی پی سی بی کی معاونت کریں گے۔ستمبر 2021 سے مارچ 2022 تک پاکستان کو نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے۔پی ایس ایل 7 کے لیے بھی انہی دونوں کمپنیز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

بی او جی کو آگاہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل میں کل 93000سے زائد کھلاڑیوں اور 3800 سے زائد کلبز نے شرکت کی۔ ان کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوتے ہی نچلی سطح پر کرکٹ کا آغاز کردیا جائے گا۔بی او جی کو بتایا گیا ہے کہ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ بورڈز کے سربراہان کے ساتھ سہ ماہی بنیادوں پر اجلاس کے عمل کا آغاز ہوچکا ہے تاکہ ان کے چیلنجز کو سمجھ کر ان کی معاونت کی جائے گی۔

بی او جی کو افرادی قوت سے متعلق جائزہ بھی پیش کیا گیا، جس کے تحت ادارے کو ایک پیشہ ورانہ اور متحرک بورڈ بنانا ہے۔ بی او جی کو گورننس ، رئیل اسٹیٹ ، آئین اور قانونی امور کے بارے میں بھی مکمل اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا گیا۔