راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسکلز ڈیویلپمنٹ کیمپ کا پہلا مرحلہ کل سے شروع ہو گا۔ پی سی بی کے مطابق 20 روزہ کیمپ میں مجموعی طور پر 47 کھلاڑیوں حصہ لیں گے۔
پہلے مرحلے میں 15 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے جن میں ابرار احمد، احمد دانیال، بابر اعظم، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد عباس آفریدی، عامر جمال، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم شامل ہیں۔ دوسرا مرحلہ 23 جون جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ 30 جون سے شروع ہو گا۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ کھلاڑیوں کو نہ صرف فٹنس میں بہتری کا موقع فراہم کرے گا بلکہ کھیل کے دیگر اہم پہلوؤں جیسے تکنیک، حکمت عملی اور ذہنی مضبوطی پر بھی بھرپور توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قومی مینز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے تاکہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکے۔