پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے اس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت

178
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز

کینبرا۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی جانب سے اس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے علاوہ پرائم منسٹر الیون کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے دونوں ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پرائم منسٹر الیون اور پاکستان ٹیم کے درمیان میچ دلچسپ ہو گا۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز بھی اچھی رہے گی کیونکہ پاکستان ایک کوالٹی ٹیم ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر الیون کا میچ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے جو 1951سے کھیلا جا رہا ہے اور انہیں یہ میچ کھیلنے کی بہت خوشی ہے۔

پرائم منسٹر الیون ایک سخت حریف ہے اور پاکستان ٹیم نہ صرف اس میچ کے لیے بلکہ آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے بھی تیار اور ُپرجوش ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ (کل) بروز بدھ سے کینبرا میں شروع ہو گا جس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر سے ٹیسٹ سیریز کھیلے گی۔