پاکستان کرکٹ ٹیم نے وائٹ بال کرکٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ریڈ بال کے شعبے میں زیادہ کامیابیاں نہیں سمیٹ سکے،کپتان بابراعظم

205
babar azam

کراچی۔1جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے وائٹ بال کرکٹ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،تاہم ریڈ بال کرکٹ میں وہ زیادہ کامیابیاں نہیں سمیٹ سکے۔بابر اعظم نے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی سال 2022میں کارکردگی کا جائزہ لیا اور پی سی بی پوڈکاسٹ کی 42ویں قسط میں اظہار خیال کرتے ہوئے خوشی ظاہر کی کہ قومی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ایشیا کپ اور آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی مگر ان کے لیے سال کے دو یادگار لمحات ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینا اور سری لنکا میں ریکارڈ ٹیسٹ ہدف حاصل کرنا تھا۔

اس میچ کی دوسری اننگز میں مشکل پچ کے باوجود عبداللہ شفیق نے ناٹ آئوٹ 160رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس سال ریڈ بال کرکٹ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی مگر دنیائے کرکٹ کی تین بہترین ٹیسٹ ٹیموں کی میزبانی کی جو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور مداحوں کے لیے شاندار تجربہ رہا۔

پاکستان مینز کرکٹ ٹیم نے گزشتہ سال 9 ٹیسٹ، 9 ون ڈے اور 26ٹی ٹونٹی سمیت مجموعی طور پر 44انٹرنیشنل میچز کھیلے،پاکستان نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کی،اس کے علاوہ قومی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔