ہیملٹن۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہیملٹن میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر مداحوں نے پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی ٹیم نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے پیغام دیا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر اپنے اہلخانہ کا خیال رکھیں۔
عید پر خوشیاں بانٹیں اور ایک اچھا دن گزاریں۔ پی سی بی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری مختصر ویڈیو میں قومی کھلاڑیوں نے قوم کو عید کی مبارکباد اور اہم پیغامات دیئے۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان، ٹی 20 کے کپتان سلمان علی آغا، حارث رؤف، امام الحق، فہیم اشرف، طیب طاہر، خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، صفیان مقیم اور عاکف جاوید نے پیغامات دیئے۔ کھلاڑیوں نے کہا کہ پوری ٹیم کی جانب سے تمام پاکستانیوں کو "عید مبارک” ، اس خوشی کے موقع ارد گرد کے لوگوں کا خیال رکھیں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
پی سی بی عید شو میں محمد رضوان نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں صرف دو سے تین عیدیں ہی گھر پر منائی ہیں۔ گھر کی عید کو مس کرتے ہیں۔ جارح مزاج بیٹر فخر زمان کا کہنا تھا کہ اصل عید تو بچوں کی ہوتی ہے۔ عید پر خوشیاں بانٹیں اور دوسروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کہنا تھا عید کے موقع پر خوش رہیں اور دوسروں کو بھی خوش رکھیں۔
دعا کریں نیوزی لینڈ کے خلاف ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ (کل) بروز بدھ کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577680