نیپئر۔27مارچ (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹی 20 سکواڈ کے آٹھ کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف نے ون ڈے سکواڈ کو نیپئر میں جوائن کر لیا۔ پی سی بی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سلمان علی آغا، حارث رؤف، خوشدل شاہ، عرفان خان نیازی، ابرار احمد، سفیان مقیم، محمد علی اور عثمان خان نے ون ڈے سکواڈ کو جوائن کیا ہے۔
ٹی 20 سکواڈ کے باقی آٹھ کھلاڑی نیوزی لینڈ سے براستہ دبئی پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے جن میں شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی، عمیر بن یوسف، حسن نواز، محمد حارث، عباس آفریدی، عبدالصمد اور جہانداد خان شامل ہیں۔ حارث رؤف اور عثمان خان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اسے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576651