پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد ، انضمام الحق ، سعید انور اور مصباح الحق کا پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار

راولپنڈی۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد ، انضمام الحق ، سعید انور اور مصباح الحق نے پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام سے موجودہ اور آنے والے کرکٹرز کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی ملک کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔سابق …

راولپنڈی۔10جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد ، انضمام الحق ، سعید انور اور مصباح الحق نے پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس اقدام سے موجودہ اور آنے والے کرکٹرز کو حوصلہ ملے گا اور وہ بھی ملک کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔سابق کپتان اور اپنے دور کے مایہ ناز آل راؤنڈر مشتاق محمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اپنا آخری میچ کھیلنے کے 45 سال بعد یہ اعزاز ملنا خوشی کا باعث ہے اور خاص کر میرے لیجنڈ بھائی حنیف محمد سمیت چند بہترین کرکٹرز کے گروپ میں شامل ہونا باعث فخر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کا تہہ دل سے مشکور ہیں کہ اس نے ایک بار پھر ان لوگوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا جنہوں نے اس عظیم کھیل کو بہترین انداز سے پیش کیا۔سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ مجھے پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر فخر ہے، پی سی بی کی طرف سے یہ ایک خاص اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا بطور پروفیشنل کرکٹر میرا یہ ناقابل فراموش سفر تقریباً 16 سال پر محیط ہے ، وہ اپنے ساتھی کرکٹرز، سپورٹ اسٹاف اور اپنے خاندان کے بے حد مشکور ہیں جن کے بغیر یہ سفر ممکن نہ تھا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنا فخر کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک ایسے دور میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا جب انتہائی باصلاحیت اور قابل کرکٹرز موجود تھے، میں اللہ تعالیٰ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے اور تقریباً 14 سال تک بہترین ٹیم کا حصہ بننے کی صلاحیت عطا فرمائی۔سعید انور نے مزید کہا کہ 1992 ورلڈ کپ سے محروم رہنے کا بہت زیادہ افسوس ہے، فتوحات اور سبق سے بھرا یہ سفر مداحوں کی زبردست حمایت اور ساتھیوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ وہ پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر بہت خوش ہیں ، پاکستان کے بہترین کرکٹرز کے ایک ممتاز گروپ میں شامل ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے ، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یہ اعتراف میرے سفر کی بہترین کامیابی ہے۔