پشاور۔ 26 جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ نے پاکستان کسٹمز خیبرپختونخوا کی غیر قانونی تجارت اور ممنوعہ اشیا کی روک تھام کے ساتھ ساتھ ٹیکس ریونیو میں اضافے کی تعریف کی۔
پاکستان کسٹمز پشاور کی جانب سے بین الاقوامی کسٹمز ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نےکہا کہ کسٹم کا عالمی دن عالمی تجارت کو فروغ دینے، مالیاتی تحفظ کو یقینی بنانے اور دنیا میں اقتصادی تجارت کو برقرار رکھنے میں کسٹمز کے اہم کردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس سال کے تھیم نے کسٹم کمیونٹی کے اندر شراکت داری کے اہم کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے بین الاقوامی تجارت کی ترقی کے لیے باہمی تعاون کی کوششوں اور عالمی کسٹم کے میدان میں بہتر تعاون کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ملک امجد نے کہا کہ تکنیکی ترقی نے منی لانڈرنگ کے خطرے جیسے اضافی چیلنجز پیدا کر دیے ہیں اور پاکستان کسٹمز حکام پر بڑی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ ہر قسم کی سمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے انسداد کے لیے ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے علاوہ بہتر سروس ڈلیوری کو فروغ دینے اور حکومت کے لیے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کریں۔انہوں نے کسٹمز کے عالمی دن کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کے انعقاد پر پاکستان کسٹمز پشاور کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں چاق و چوبند دستے نے چیئرمین ایف بی آر ملک امجد ٹوانہ کو سلامی پیش کی جنہوں نے کسٹم ہاؤس پشاور میں یادگار شہدا کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔چیف کلکٹر کسٹمز خیبر پختونخوا سعید اکرم نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کے پی کسٹمز ڈپارٹمنٹ نے 21569 ملین روپے کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران 13,423 ملین روپے کی وصولی کی گئی تھی یہ سال بہ سال محصولات کی وصولی میں 60 فیصد اضافہ ہے۔انسداد سمگلنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران کے پی کسٹمز نے 5358 ملین روپے کی رقم ضبط کی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2174 روپے کی ضبطی کی گئی تھی جو کہ 146 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز نے آپریشنل عمل کی ڈیجیٹلائزیشن اور افرادی قوت کی ترقی میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہوئے جدید کاری کی ایک اہم مہم شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے پی کے 30 جوانوں اور افسران نے ڈیوٹی کے دوران جانیں قربان کیں۔ علاوہ ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کلکٹر کسٹمز پشاور خواجہ خرم نےتقریب اور کامیابیوں کی تعریف کی۔
بعد ازاں چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے کلکٹریٹ آف کسٹم انفورسمنٹ پشاور اور ڈی آئی خان، ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن محکمہ کسٹم کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ محکمہ کے دیگر متعلقہ افسران کو تعریفی اسناد پیش کیں۔ چیئرمین ایف بی آر کو سووینئر بھی پیش کیا گیا۔