اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان کسٹمزنے سمگلنگ کے خلاف کاروائیاں تیز کرتے ہوئے دو ہفتوں میں دو ارب پچیس کروڑ روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ ضبط کرلیں،۔ایف بی آر کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق چینی اور یوریا کھاد سمیت ضروری اشیاء پاکستان سے باہر سمگل کی جاتی ہیں اور پٹرولیم مصنوعات ودیگر اشیاء افغانستان اور ایران کے راستوں سے پاکستان میں سمگل کی جاتی ہیں۔ بعد میں یہ سمگل شدہ اشیاء ٹرکوں کے ذریعے اور چھوٹی مقدار میں مسافر بسوں میں اہم شہری مراکز تک پہنچائی جاتی ہیں۔پاکستان کسٹمز نے اس صورت حال کے پیش نظر سمگلنگ کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اور سمگل شدہ اشیاء بالخصوص اشیائے ضروریہ،پیٹرولیم مصنوعات اور کرنسی اور دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔گذشتہ پندرہ روز کے دوران پاکستان کسٹمز نے کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، کراچی، سرگودھا اور لاہور ریجنز میں انسداد سمگلنگ کی مختلف کاروائیوں میں تقریباً دو ارب پچیس کروڑ روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ تحویل میں لے لی ہیں۔ تحویل میں لی جانے والی اشیاء میں بھاری مقدار میں چینی، یوریا، پیٹرولیم مصنوعات، پاکستانی کرنسی کے ساتھ ساتھ ٹائر، کالی چائے،
سپاری، گاڑیاں، لوہا، سٹیل اور دیگر سامان شامل ہے۔بلوچستان ریجن میں دو ستمبر کو کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے پندرہ ٹرکوں سے 1637 ٹن چینی برآمد کی جس کی کل مالیت ایک ارب روپے ہے۔ تین ستمبر کو کسٹمز انفورسمنٹ ڈی آئی خان نے دربن درہ زندہ روڈ ڈیرہ اسماعیل خان پر مقامی پولیس کی مددسے 519 ملین روپے مالیت کی گاڑیاں او ر بڑے پیمانے پر دیگر سمگل شدہ اشیاء تحویل میں لیں۔جبکہ ایک اور کاروائی میں 218,000 لیٹر سمگل شدہ POL اور ڈیزل برآمد کیا گیا جس کی مالیت تقریباً 137.6 ملین روپے ہے۔گذشتہ ہفتے کے دوران کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے سمگل شدہ ایرانی 115,000 لیٹر ڈیزل اور 30,000 لیٹر پٹرول قبضہ میں لیا۔
مزید برآں تمام کلکٹریٹس اور ہوائی اڈوں کے موبائل سکواڈز سمیت انسداد سمگلنگ فارمیشنز کو اشیائے ضروریہ، ایرانی POL اور کرنسی کی غیر قانونی نقل و حمل پر کڑی نگاہ رکھنے کی سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور ممبر کسٹمز (آپریشنز) زیبا حئی اظہر نے اشیائے ضروریہ کی سمگلنگ روکنے کے لئے پاکستان کسٹمز کی بروقت کاروائیوں کو سراہا ہے۔ پاکستان کسٹمز سمگلنگ کی لعنت ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس ضمن میں ملک بھر میں سمگلنگ کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے گا۔