اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 10 مئی کو جس طرح پاکستانی قوم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وہ ہماری قومی خودداری اور دفاعی صلاحیت کا مظہر ہے۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی آزادی اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کرے گا۔احسن اقبال کا کہنا تھا، جیسے 28 مئی ہماری قومی تاریخ کا یادگار دن ہے، ویسے ہی 10 مئی کو ہماری قوم نے ثابت کر دیا کہ ہم کسی بھی میلی نگاہ یا جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنے اعتماد کو معاشی ترقی کی جانب موڑ دے۔ ہماری اگلی منزل معاشی خودمختاری ہے۔
ہمیں اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے عوام کو بہتر معیارِ زندگی دینا ہے۔وفاقی وزیر نے حکومت کے اڑانِ پاکستان منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ملک کو اقتصادی ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم سب یکسوئی کے ساتھ اس منصوبے پر عملدرآمد کریں، تاکہ پاکستان نہ صرف دفاعی میدان میں بلکہ معاشی میدان میں بھی ایک ناقابل تسخیر قوت بنے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597875