اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہےکہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیں گی۔
ہفتہ کوجموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کو اٹھائے گئے تمام اقدامات کویکطرفہ، غیر قانونی ، اقوام متحدہ کے چارٹر،چوتھے جینوا کنونشن اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کے حتمی حل تک کشمیریوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ہر سال پانچ جنوری کشمیریوں کے ’یومِ حق خود ارادیت‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
1949 میں آج ہی کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (UNCIP) نے تاریخی قرارداد منظور کی، جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے تاکہ کشمیری عوام کو ان کا ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرواتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن ہو سکے۔