پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئےاپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔ خواجہ محمد آصف

168
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف
خواجہ محمد آصف نے کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی کا مسئلہ عالمی فورم پر کھل کر اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس مرتبہ ہمیں یوم آزادی اس عزم کے ساتھ منانا چاہئے کہ کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جارحیت سے نجات دلائیں گے اور مرتے دم تک کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔

5 اگست کو منائے جانے والے یوم استحصال کے حوالے سے پیر کو ”اے پی پی” سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ یوم استحصال اس بات کا متقاضی ہے کہ پاکستان سمیت ساری عالمی برادری کشمیریوں کی بھارتی مظالم سے جان چھڑانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور اس مرتبہ ہمیں یوم آزادی اس عزم کے ساتھ منانا ہوگا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کی بھارتی جبر و استبداد سے جان چھڑائیں گے اور مرتے دم تک کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے اور نہ ہی کسی قربانی سے دریغ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارت کے طول و عرض میں مسلمانوں اور کشمیریوں کی نسل کشی کا انسانیت کے ناطے نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والا ناروا سلوک بہت بڑا انسانی المیہ ہے اس پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لئےاپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا۔